درود تنجینا
- Admin
- Sep 15, 2022
یہ وہ درود شریف ہے جسے پڑھنے سے ہر مشکل مہم آسان ہو جاتی ہے۔ علامہ فاکہانی نے قمر منیر میں ایک بزرگ شیخ موسٰیؒ کا واقعہ بیان کیا ہے کہ انہوں نے بتایا کہ ہم ایک قافلے کے ساتھ ایک بحری جہاز میں سفر کر رہے تھے کہ جہاز طوفان کی زد میں آ گیا۔ یہ طوفان قہرِ خداوندی بن کر جہاز کو ہلانے لگا۔ ہم لوگ یقین کر بیٹھے کہ جہاز ڈوبنے والا ہے اور ہم مر جائیں گے کیونکہ ملاحوں نے بھی یہ سمجھ لیا تھا کہ اتنے تند و تیز طوفان سے کوئی قسمت والا جہاز ہی بچ سکتا ہے۔
شیخ فرماتے ہیں کہ اس علام افراتفری میں مجھ پر نیند کا غلبہ ہو گیا چند لمحے غنودگی طاری ہوئی میں نے دیکھا کہ سرکارِ دو عالم حضور صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور مجھے حکم دیا کہ تم اور تمہارے ساتھی یہ درود شریف ہزار بار پڑھو۔ میں بیدار ہوا۔ اپنے دوستوں کو جمع کیا اور وضو کر کے درود شریف پڑھنا شروع کر دیا۔ ابھی تین سو بار ہی پڑھا تھا کہ طوفان کا زور کم ہونے لگا۔ آہستہ آہستہ طوفان رُک گیا اور تھوڑے ہی وقت میں آسمان صاف ہو گیا اور سمندر کی سطح پُر امن ہو گئی۔ اس درود پاک کی برکت سے تمام جہاز والوں کو نجات مل گئی۔
اس درود پاک کا نام درود تنجی یا تنجینا رکھا گیا۔ جو شخص اس درود پاک کو ادب و احترام سے قبلہ رو ہو کر ہر روز تین سو بار پڑھے گا اللہ کے فضل سے اس کی سخت سے سخت مشکل ان شاءاللہ حل ہو جائے گی۔
شرح دلائل الخیرات کے مؤلف نے لکھا ہے کہ جسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا شوق ہو وہ خالص نیت سے یہ درود پڑھے اور بعد نماز عشاء ایک ہزار بار پورا کرے اور بستر کو معطر کر کے باوضو ہی سو جائے ان شاءاللہ 40 روز کے اندر اندر ہی زیارت رسول صلی اللہ علیہ وسلم نصیب ہو گی۔ اور اللہ کرم کرے تو ہو سکتا ہے ایک ہفتے کے اندر اندر ہی زیارت نصیب ہو جائے۔
ایک بزرگ کا کہنا ہے کہ جو شخص اس درود پاک کو صبح و شام دس دس بار پڑھے تو اللہ تعالٰی اس سے راضی ہو جائے گا اور اللہ تعالیٰ کے قہر سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالیٰ اسے برائیوں سے محفوظ رکھے گا۔ اسکے غم مٹ جائیں گے۔
اس درود پاک کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ جو شخص بیماری سے تنگ آ کر طبیبوں اور ڈاکٹروں سے مایوس ہو گیا ہو اسے چاہیئے کہ اس درود پاک اور درود شفا ملاکر کثرت سے پڑھے ان شاءاللہ بیماری کی تکلیف سے نجات ملے گی۔شفا کاملہ حاصل ھوگی۔